خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں قبضے کو ختم کرانے کے لیے سب کو مل کرجدوجہد کرنا ہو گی

جدہ (ملت آن لائن + آئی این پی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ ہندو برہمن سامراج کے مقبوضہ کشمیر میں قبضے کو ختم کرانے کے لیے سب کو مل کرجدوجہد کرنا ہو گی اپنے سیاسی دائروں سے بالا تر ہو کر حق خودارادیت کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر متفق ہو کر کشمیر سے ہندوستانی قابض افواج کو نکلوانے کے لیے ہر سطح پر جدوجہد کرنا ہو گی ،کشمیریوں نے 5لاکھ جانوں کا نذرانہ پیش کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ آزادی چاہتے ہیں اور آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ،ہندوستان ظلم و تشدد سے اس تحریک کو دبا نہیں سکتا یشونت سنہا کی رپورٹ بھارت کے لیے سبق ہے گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق فراہم کیے جائیں لیکن کوئی ایسا فیصلہ جس سے اقوام متحدہ کی قراردادیں متاثر ہوں کشمیر کاز کے لیے بھی نقصان دہ ہو گا ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی جدہ کی طرف سے دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ تارکین وطن تمام سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر کشمیر کی آزادی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں ،مسئلہ کشمیر کسی ایک جماعت کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ سوا کروڑ کشمیریوں کے حق خودارادیت کا مسئلہ ہے یہ پوری انسانیت کے لیے ایک مسئلہ ہے کشمیری امت کا حصہ ہیں اس لیے یہ پوری امت کا مسئلہ ہے ہم سب مل کر جدوجہد کریں گے تو آزادی کی منزل ملے گی انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کشمیر رابطہ کونسل کے پلیٹ فارم پر ہم سب ایک ہیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آزاد کشمیر کی ساری قیادت ایک ہے مقبوضہ کشمیر کے اندر بھی حریت قائدین نے اتحاد و اتفاق خوش آئند ہے برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد کشمیریوں نے جس انداز سے انتفاضہ شروع کیا ہے وہ آزادی کی منزل کو قریب کررہا ہے انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہندوستان پر دباؤ بڑھائیں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی کی وجہ سے ہندوستان کو مظالم ڈھانے کی شہ مل رہی ہے اسلامی ممالک بھارت پر دباؤ بڑھائیں تو مسئلہ کشمیر حل ہو سکتا ہے او آئی سی کے رکن ممالک ہندوستان سے معاشی ،سیاسی اور سفارتی بائیکاٹ کا اعلان کر دیں تو مسئلہ کشمیر دنوں میں حل ہوسکتا ہے انہوں نے کہا کہ آج پوری امت مسائل کا شکار ہے اس کا ایک سبب تو یہ ہے کہ امت نے وہ مشن چھوڑ دیا ہے جو نبی پاک ؐ سپر دکر کے گئے تھے اور اللہ نے اس امت کو امت وسط بنایا تھا اس کا کام بنی نوانسانیت کو اللہ کی طرف بلانا تھا ایک اللہ کی غلامی میں دینا تھا اور اللہ کی دھرتی پر اللہ کا نظام قائم کرنا تھا امت اس مشن سے بے وفائی کررہی ہے جس کی وجہ سے وہ مسائل کے گرداب میں ہے وہ پوری امت کو اپنے مشن کی طرف لوٹنا ہو گا باہم اتحاد اور اتفاق پیدا کرنا ہو گا اپنے وسائل جمع کرنے ہوں گے اور اپنے مسائل متحد اور متفق ہو کر حل کرنے ہوں گے انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت اور دفاع پوری امت کا فرض ہے سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان اور کشمیریوں کی مدد اور جمایت کی ہے کشمیری عالم اسلام سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ ان کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں نظام کی اصلاح اور بیس کیمپ کے کردار کی بحالی کا آغاز ہو چکا ہے جماعت اسلامی کی پوری کوشش ہے کہ نظام کی اصلاح ہو جائے اور بیس کیمپ اپنا حقیقی کردار ادا کرے کشمیریوں نے اپنے حصے کا کام کر دیا ہے اب ان کی تحریک کو منزل تک پہنچانے کے لیے بیس کیمپ ہی فیصلہ کن کردار ادا کر سکتا ہے ۔