خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں منصفانہ بین الاقوامی مشن ضروری ہے

جنیوا :(اے پی پی)اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے ہائی کمشنر زید رعد الحسین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے حالیہ قتل عام کی تحقیقات کیلئے ایک خود مختار، غیر جانبدار اور بین الاقوامی کمیشن کی تشکیل پرزوردیاہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق زید رعد الحسین نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 33 ویں اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی مقبوضہ کشمیرمیں روز بروزتیزی سے بگڑتی صورتحال ، بھارتی فورسز کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر انسانی حقو ق کی پامالیوں اور 100سے زائد کشمیریوں کے قتل عام ، ہزاروں کوزخمی اور سینکڑوں کو بینائی سے محروم کئے جانے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے ان پامالیوں کی تحقیقات کیلئے آزاد، منصفانہ اور بین الاقوامی مشن قائم کرنے پر زور دیا۔انہوں نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسزکے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی بین الاقوامی تحقیقات ضروری قراردیا۔انہوں نے کہاکہ دو ماہ قبل انہوں نے پاکستان اور بھارت سے عالمی ادارے کی ٹیموں کو کشمیری علاقے کا دورہ کرنے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے انہیں نو ستمبر کو آزاد کشمیر کے دورے کی دعوت دی ہے جبکہ بھارت نے ابھی تک انہیں مقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت نہیں دی ہے ۔ انھوں نے متنازعہ ریاست جموں وکشمیر میں اقوام متحدہ کی رسائی کی درخواست پر ہندوستان کی خاموشی پرافسوس کا اظہار کیا ۔ زید رعد الحسین نے کہا کہ انہیں مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے شہریوں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال اور اسکے نتیجے میں بڑی تعدا دمیں لوگوں کے جان بحق اور شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں جو کہ قابل افسوس ہے۔عالمی ادارے کے انسانی حقوق کے سربراہ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر ایک آزاد، غیرجانبدار اور بین الاقوامی مشن بھیجنے کی فوری ضرورت ہے اور اسے سچائی جاننے کے لیے مکمل رسائی دی جانی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ بھارت طویل عرصے سے کشمیر کے مسئلے پر کسی تیسرے فریق کی ثالثی سے انکار کر رہا ہے۔واضح رہے کہ8جولائی کو مقبوضہ کشمیرمیں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد شروع ہونے والے انتفادہ کے دوران بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال اور پیلٹ گن اور پاوا شیل جیسے مہلک ہتھیاروں کے باعث شہید ہونیوالے کشمیریوں کی تعداد بڑھ کر100سے زائد ہو گئی یہ جبکہ اس دوران ہزاروں افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ادھر بھارت نے کشمیر بارے اپنی ہٹ دھرمی جاری رکھتے ہوئے ایک بار پھر جموں وکشمیر اس کواپنا اٹوٹ انگ قراردیاہے ۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے ایک بیان میں عالمی ادراے کی ٹیم کو مقبوضہ کشمیر کے غیر مشروط دورے کی اجازت دینے کی زید رعد الحسین درخواست کے جواب میں کہاکہ بھارت کے جمہوری ادارے اس سلسلے میں شکایات کے ازالے کی خاطر خواہ استعداد کے حامل ہیں۔ جبکہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنرکا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے واقعات کی بین الاقوامی تحقیقات وقت کی اہم ضرور ت ہیں ۔ عالمی ادارے کی ٹیموں کے مقبوضہ کشمیر کے دورے سے بھارتی فورسزکے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کا قتل عام بند کرانے میں بھی مدد ملے گی ۔