خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی یونیفارم پہن کر جوانوں نے کرکٹ میچ کھیلا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی بربریت بھی مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کے دلوں سے پاکستان کی محبت نہ نکال سکی ۔ کشمیری جوانوں نے قابض بنیے کے منہ پر ایک اور طمانچہ دے مارا ۔ پاکستانی یونیفارم پہن کر نہ صرف کرکٹ میچ کھیلا بلکہ مقابلے سے پہلے پاکستانی قومی ترانہ بھی پڑھا ۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو کی مقبولیت نے مودی سرکار کی نیندیں حرام کر دیں ۔ پاکستان کا قومی ترانہ پڑھنے والے یہ نوجوان مقبوضہ کشمیر کے کرکٹرز ہیں جنہوں نے گاندربل میں کرکٹ میچ کھیل کر بھارت میں تھرتھلی مچا دی ۔ مقبوضہ کشمیر میں صوفی بزرگ بابا دریا الدین کے نام سے منسوب کرکٹ کلب کے کھلاڑیوں نے ایک خصوصی میچ کا انعقاد کیا جس کے آغاز سے پہلے پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا ۔ ایک ٹیم نے روایتی سفید یونیفارم جبکہ دوسری ٹیم نے پاکستان کا سبز یونیفارم پہن رکھا تھا ۔ کرکٹرز کا کہنا تھا کہ انہوں نے نہ تو کسی کو تکلیف پہنچائی اور نہ ہی خوف زدہ ہیں ۔ اقدام کا مقصد مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا ہے ۔ میچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آتے ہی وائرل ہو گئی جو تنگ نظر بھارتیوں کو ایک آنکھ نہیں بھا رہی ۔