خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور دیگر پابندیاں 73 ویں روز بھی جاری رہیں

سرینگر :(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے لوگوں کو بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں ریلیاں اور جلوس نکالنے سے روکنے کے لیے پیر کو مسلسل73 ویں روز بھی وادی کشمیر کے تمام دس اضلاع میں کرفیو اور دیگر پابندیاں جاری رکھیں جس سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہڑتال اور کرفیو کی وجہ سے تمام تجارتی مراکز ، بازار ، پبلک ٹرانسپورٹ اور تعلیمی ادارے بند رہے ۔ قابض انتظامیہ نے شوپیاں میں لوگوں کو بھارت مخالف مظاہروں اور احتجاجی مارچ سے روکنے کیلئے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد تعینات کررکھی ہے۔گزشتہ 24گھنٹے کے دوران جھوٹے الزامات کے تحت کم سے کم 56 نوجوانوں کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔ادھر نامعلوم افراد نے بھارت نواز پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ضلع اسلام آباد کے صدر کے حفاظتی گارڈز سے ہتھیار چھین لئے ۔