خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی روکو، پاکستان کا مطالبہ

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) پاکستان نے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کے نتیجے میں کشمیریوں کی نسل کشی روکنے، زیر حراست حریت رہنماوں کی فوری رہائی اور حقائق جاننے کیلئے مشن بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔ہفتہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور حکومت کو مسلسل نظر بندی پر تشویش ہے۔حریت رہنما یاسین ملک پر تشدد کی وجہ سے انکی صحت تیزی سے بگڑ رہی ہے جبکہ آسیہ اندرابی گزشتہ دو ہفتوں سے قید ہیں۔میر واعظ عمر فاروق کو قید تنہائی میں رکھ کر انہیں ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد 150بیگناہ کشمیری شہید کئے گئے اور بھارتی ظلم وبربریت سے اب تک 15ہزار سے زائد کشمیری زخمی اور پیلٹ گنز کے استعمال سے ایک ہزار سے زائد کشمیری نوجوانوں کی بصارت متاثر ہو چکی ہے۔ترجمان کے مطابق ہزاروں کشمیری نوجوان جبری لاپتہ کردیئے گئے جو انتہائی تشویش کی بات ہے۔غیر انسانی ماحول میں حریت رہنماوں کی طویل نظر بندی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل یو این ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق،سیکرٹری جنرل او آئی سی اور سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کے نتیجے میں کشمیریوں کی نسل کشی روکنے پر مبذول کراتے ہوئے حقائق جاننے کیلئے مشن بھیجنے اور حریت رہنماوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔