خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کے قتل کے خلاف مکمل ہڑتال

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں ضلع کولگام کے علاقے فرصل میں گزشتہ روز بھارتی فورسز کے ہاتھوں 6 کشمیری نوجوانوں کے قتل کے خلاف پیر کو مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ،میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے دی تھی۔سرینگر اور وادی کے دیگر علاقوں میں تمام دکانین، کاروباری اور تعلیمی ادارے اور پٹرول پمپ بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدو رفت معطل رہی۔قابض حکام نے مقبوضہ کشمیر کے تمام علاقوں میں بڑی تعداد میں بھارتی فورسزکو تعینات کیے رکھا جبکہ بھارت مخالف ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے کولگام اور شوپیاں اضلاع میں سخت پابندیاں عائد کرکے کرفیو جیسی صورتحال پیدا کی گئی۔ دریں اثناء قابض انتظامیہ نے دختران ملت کی چےئر پرسن آسیہ اندرابی کواپنی ساتھی فہمیدہ صوفی کے ہمراہ گرفتار کرکے رامباغ پولیس سٹیشن منتقل کیا ہے۔ آسیہ اندرابی گزشتہ سال 21دسمبر کو بارہمولہ سب جیل سے رہائی کے بعد مسلسل گھر میں نظربند تھیں۔