خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال سے معمولات زندگی متاثر

سرینگر نومبر:(ملت+اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف پیر کو ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وادی کشمیر سمیت تمام چھوٹے اور بڑے قصبوں میں دکانیں، پیٹرول پمپ اور دیگر تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت معطل رہی۔ سکول اور تعلیمی ادارے پہلے ہی بند ہیں۔ رواں سال 8جولائی کو ضلع اسلام آباد میں حزب المجاہدین کے معروف کمانڈر برہان وانی کے قتل کے بعد سے مقبوضہ علاقے میں تقریبا پانچ ماہ سے ہڑتال جاری ہے ۔ برہان وانی کی شہادت کے بعد سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیاد ت ہر ہفتہ احتجاجی کلینڈر جاری کر رہی ہے۔