خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں مظاہرین اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپیں جاری

سرینگر ۔ (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں ضلع پلوامہ کے علاقے پامپور میں مظاہرین اور بھارتی فوجیوں کے درمیان گزشتہ دو روز سے جاری جھڑپ کے دوران علاقے میں مساجد کے لاؤڈ سپیکروں سے ’’جاگو جاگو صبح ہوئی‘‘ جیسے نغمے پیش کئے جارہے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پامپورکے علاقوں فرستہ بل، درنگہ بل اورکدلہ بل میں مظاہرین اور بھارتی فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ ایک مقامی صحافی کے مطابق پامپور میں نوے کی دہائی کی طرح مساجد سے نغمے سنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی مظاہرین کی طرف سے ٹائر جلانے کی وجہ سے علاقے میں سانس لینا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدین اور بھارتی فوجیوں کے درمیان وقفہ وقفہ سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ ہفتے کو شروع ہونے والی جھڑپ کے دوران ابھی تک بھارتی فوج کے دو کیپٹن اورتین اہلکارہلاک ہوچکے ہیں جبکہ بھارتی فوجیوں نے ایک عام شہری کو بھی فائرنگ کرکے شہید کردیا ہے۔ جھڑپ میں 16 بھارتی فوجی زخمی بھی ہوگئے ہیں۔