خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں نوجوان کی شہادت پر تیسرے روز بھی ہڑتال

مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں نوجوان کی شہادت پر تیسرے روز بھی ہڑتال
سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیری نوجوان عبدالقیوم نجار کی شہادت پر ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور میں جمعہ کو مسلسل تیسرے روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے عبدالقیوم نجار کو ضلع کے علاقے اوڑی میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔ قصبے میں تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی۔کٹھ پتلی انتظامیہ نے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے سوپور قصبے کے مرکزی چوک، تحصیل روڑ، بٹ پورہ چوک اور چھانکن کے علاقوں میں سخت پابندیاں نافذ کر دی تھیں۔ دریں اثناقابض بھارتی فوجیوں نے سرینگر میں محرم کے جلوسوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں بیسیوں عزادار زخمی ہو گئے ۔ قابض فورسز نے شوپیاں قصبے میں بھی پر امن مظاہرین کیخلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ۔ قابض اہلکاروں نے لوگوں کے اندر خوف و ہراس پیداکرنے کیلئے شدید ہوائی فائرنگ بھی کی اور نوجوانوں کو وحشیانہ طریقے سے مارپیٹا۔ انہوں نے کوٹ روڑ اور اولڈ بس اسٹینڈ کے علاقوں میں دکانداروں کے سامان کی بھی توڑ پھوڑ کی۔