خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا سرینگر میں بھارت مخالف مظاہرہ

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے ہائی کورٹ کمپلکس صدر سرینگر میں ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بار ایسوسی ایشن کے ارکان نے اس موقع پر بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں نہتے شہریوں پر بڑھتے ہوئے مظالم کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کیے۔ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ بشیر صدیق نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر گزشتہ ستر برس سے حل طلب ہے جس کی وجہ سے کشمیری بے انتہا مصائب اور مشکلات کا شکار ہیں لیکن عالمی برادری اس حوالے سے انتہائی مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لیے جبر و استبداد کی تمام حدیں پار کر لی ہیں لہذا یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو کشمیریوں پر ظلم و ستم سے روکے اور تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اس پر دباؤ ڈالے۔ ایڈووکیٹ بشیر صدیق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے اور اگر اس مسئلے کو حل نہیں کیا گیا تو دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل ، اسلامی تعاون تنظیم اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں۔