خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر: 15لاکھ کشمیری حق خود ارادیت کے حصول میں شہید ہوگئے

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر پر بھارتی مظالم پر آو آئی سی کے سفیروں کا اجلاس وزارت خارجہ میں منعقد ہوا ۔ایڈیشنل سیکرٹری اقوام متحدہ و یورپی کمیشن تسنیم اسلم نے او آئی سی کے سفیروں کو بھارتی مظالم کے حوالے سے آگاہ کر تے ہوئے بتایا کہ جموں کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے کا ایک دیرینہ مسئلہ ہے‘مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کا براہ راست نتیجہ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی باقاعدہ طریقے سے نسل کشی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔مقبوضہ کشمیر میں 15لاکھ کشمیری اپنے قانونی حق کے حصول کی جدوجہد کے دوران شہید ہوگئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد بھارتی ریاستی دہشتگردی میں اضافہ ہوچکا ہے ‘حالیہ بھارتی بربریت سے 150سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں جبکہ 20ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر کے اندر نہتے خواتین ‘بچوں اور بزرگ پیلٹ گن سے بینائی کھو چکے ہیں ‘اب تک ہزاروں کشمیریوں کی بینائی اس پیلٹ گن کے استعمال کی وجہ سے متاثر ہوچکی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ بھارتی ہٹ دھرمی نے خطے کے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔ عالمی برادری بھی بھارتی جارحانہ پالیسیوں اور ہٹ دھرمی پر شدید تحفظات کا اظہار کرچکی ہے ۔او آئی سی سفیروں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے ۔مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مزید فعال کردار ادا کرنا ہوگا ۔