خبرنامہ کشمیر

مقبول بٹ تحریک آزادی کشمیر کا بنیادی ستون اور آزادی کی علامت ہیں، یاسین ملک

مقبول بٹ تحریک آزادی کشمیر کا بنیادی ستون اور آزادی کی علامت ہیں، یاسین ملک

سرینگر(ملت آن لائن) جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے محمد مقبول بٹ کو تحریک آزادی کشمیر کا بنیادی ستون اور آزادی کی علامت قراردیتے ہوئے کہاہے کہ ان کی جدوجہد ہر مظلوم انسان کی نمائندگی کرتی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غیر قانونی طورپر نظر بند محمد یاسین ملک نے ان خیالات کا اظہار معروف کشمیری رہنماء محمد مقبول بٹ کی شہادت کی برسی کے سلسلے میں سرینگر سینٹرل جیل سے جاری ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ محمد مقبول بٹ ایک نظریہ ساز قائد، مخلص مزاحمت کار اور ایک اعلیٰ دانشور تھے جنہوں نے کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کا خواب دیکھا، اس خواب کی تکمیل کیلئے جدوجہد کی اور اسی راہ عزیمت میں اپنی جان کانذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبول بٹ کی جدوجہد و قربانی ہماری تاریخ کا تابناک باب اور تحریک آزادی کا بنیادی ستون ہے جو مزاحمت کے جاری سفر میں ہماری رہنمائی کرتا رہے گا۔ یاسین ملک نے کہاکہ محمد مقبول بٹ نے کشمیری قوم کی سیاسی، سفارتی، عسکری اور دانشوری جیسے تمام محاذوں پرراہنمائی کی اور ہمارے لئے مشعل راہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ شہید مقبول بٹ نے جموں کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد شروع کی اور اسی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ مقبول بٹ کی شہادت کی34ویں برسی کے حوالے سے مختلف احتجاجی پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور 11 فروری کو یوم مقبول بٹ کو ایک قومی دن کے طور پر منایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اس حوالے سے مشترکہ حریت قیادت کے اعلان کردہ پروگرام پر من و عن عمل کیا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ معروف کشمیری شہداء محمد افضل گورواورمحمد مقبول بٹ کی شہادت کی برسیوں کے موقع پر نو اور گیارہ فرروری کو مکمل ہڑتال کی کال دی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جمعہ کو پورے مقبوضہ علاقے میں پر امن مظاہرے کئے جائیں گے اور اتوار کو سونہ وار سرینگر میں اقوام متحدہ کے مبصر دفتر میں ایک یادداشت پیش کی جائیگی جس میں عالمی ادارے سے دونوں کشمیری شہداء کی میتوں کی نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے واپسی کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھانے کی اپیل کی جائیگی۔انہوں نے کہاکہ جمعہ کو مقبوضہ علاقے کی تمام مساجد میں محمد افضل گورو اور محمد مقبول بٹ کی میتوں کی واپسی کیلئے ایک یادداشت بھی منظور کی جائیگی اور ریلیاں نکالی جائیں گی اور مظاہرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اتوار کو مکمل ہڑتال کے علاوہ سونہ وار میں اقوام متحدہ کے مبصرف دفتر میں ایک یادداشت پیش کی جائی گی ۔ ادھرحریت رہنماء بلال صدیقی اور جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ نے بھی اپنے بیانات میں محمد افضل گورو اور محمد مقبول بٹ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔