خبرنامہ کشمیر

مودی کے توسیع پسندانہ اور جارحانہ عزائم خطے میں بڑی جنگ کا پیش خیمہ ہیں: ترابی

ہجیرہ (ملت + آئی این پی )جما عت اسلامی آزاد جموں وکشمیرکے امیر وممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ نریندر مودی کے توسیعی پسندانہ اور جارحانہ عزائم خطے میں بڑی جنگ کا پیش خیمہ ہیں،پوری قوم یک جان اور یک زبان ہوکر دشمنوں کے عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے تیا رہوجائے ،مقبوضہ کشمیرمیں مظالم اور سیزفائر لائن پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ پرعالمی برادری کی خاموشی نرنید ر مودی کو مزید مظالم ڈھانے کی شہ دے رہی ہے،آزادخطے میں میرٹ کی بحالی ،نظام کی تبدیلی اور ریاست کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہمار اہدف ہے،حلقہ نمبر 2کے مسائل حل کریں گے ،ظلم اور ناانصافی کے نظام کوختم کرکے اسلام کے عادالانہ نظام کے قیام کی جدوجہد کررہے ہیں،نظام کی اصلاح اور کشمیرکی آزادی کے لیے مسلم لیگ ن سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی،ان خیالات کااظہارا نھوں نے جماعت اسلامی ہجیرہ کی طرف سے ممبر اسمبلی بننے پر دیے گئے استقبالیہ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سابق امیر ضلع سردار عبدالحلیم خان،امیر ضلع اسلامی باغ نثار شائق،مسلم کانفرنس کے رہنما،سردار کمال،جے یو آئی کے رہنماقاری محبوب حیات،جماعت اسلامی کے رہنماسردارسرفراز،سردار ذولفقار،سردار عبدالمجید،غازی فاروق سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،عبدالرشید ترابی کی ہجیرہ آمدپردیگر جماعتوں کے قائدین نے بھی ان کو استقبال کیا،استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس حلقے کے مسائل کے حوالے عبدالرشید ترابی کو آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ ان کے مسائل حل کیے جائیں،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے یقین دلایا کہ ان کے مسائل حل کیے جائیں گے،کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی جن جن حلقوں کے مسائل ہیں مشاورت کے ساتھ ان کو حل کیا جائے گا کوشش ہے کہ میرٹ بحال ہوتاکہ میرٹ پر حق دار کو حق ملے،جماعت اسلامی نے مسلم لیگ ن کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہی اسی لیے کہ آزاد خطے میں نظام کی اصلاح کی جائے اور تحریک آزادی کے لیے جو بیس کیمپ کا مطلوبہ کردار ہے وہ ادا کیا جائے،عوامی مسائل کا حل جماعت اسلامی کا اہم ہدف ہے چھوٹا سا علاقہ ہے مگر 70برس گزرنے کے باوجود مسائل زدہ ہے،جہا ں بھی جاتے ہیں عوام مسائل کا تذکرہ کرتے ہیں،کوشش ہماری یہ ہے کہ آزاد خطے کے چھوٹے بڑے مسائل سب حل ہوں،انھوں نے کہاکہ اگر مسائل کا حل ہے اور دوسری طرف ہماری بڑی ذمہ داری ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت اور اس کی قابض افواج نریندر مودی کی قیادت میں بدترین مظالم ڈھارہی ہے،برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مسلسل کرفیو ہے اور سوا کروڑ کشمیریوں کو ایک کھلی جیل میں ڈال دیاگیاہے،ممنوعہ ہتھیاروں سے کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے اور سیزفائر لائن پر فائرنگ کرکے کشمیرسے توجہ ہٹانے کی سازش کی جارہی ہے یہ ہمارے لیے بہت بڑا چیلنج ہے،ہم شہداء کے وارث ہیں شہداء کے خون کا تقاضاہے کہ ہم وہی کردار اداکریں جو 1947میں کیا تھا،تما م علاقوں برادریوں اور جماعتوں کے دائروں سے نکل کر کشمیرکی آزادی کے لیے یک جان ہوجائیں،دشمن ہمیں للکار رہاہے اور ہمارے سروں سے دشمن کے مورچے ہماری غیرت کے لیے چیلنج ہے۔