خبرنامہ کشمیر

مہلک ہتھیاروں کا استعمال کونسی انسانیت اورجمہوریت ہے، گیلانی

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انسانیت اور جمہوریت کے نام نہاد بھارتی چمپئنوں سے پوچھا ہے کہ وادی کشمیر میں پرامن مظاہرین کے خلاف مہلک ہتھیاروں کا استعمال کرنا کونسی انسانیت اور جمہوریت ہے ؟کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے ضلع پلوامہ کے علاقے رہمو اور ضلع اسلام آباد کے علاقے سیر ہمدان میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دعویٰ کرتا ہے کہ اس کے پاس دنیا کی بہادر اورمنظم فوج ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ اتنے بزدل ہیں کہ وہ نہتے عوام اور نو عمر بچوں پرگولیاں اور پیلٹ برساتے ہیں۔ وہ اپنی طاقت اور ہتھیاروں کوپرامن مظاہرین پر آزماتے ہیں جو محض اپنے بنیادی اور پیدائشی حق، حق خود ارادیت کا مطالبہ کررہے ہیں اور جس کاوعدہ ان سے خودبھارتی رہنماؤں نے کیاہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری مظاہرین پر گولیاں برسائی جارہی ہیں اورہمارے جلوسوں کو سائبان جلاکر اورساؤنڈ سسٹم توڑ کر تہس نہس کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت دنیا بھرمیں جہاں بھی احتجاجی مظاہرے ہوتے ہیں چاہے وہ پرتشدد ہی کیوں نہ ہوں ان پر گولیاں نہیں برسائی جاتی ہیں لیکن ہم کشمیر میں اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اورنام نہاد قومی سلامتی کی آڑ میں ہمارے خلاف گولیوں اور پیلٹس کااستعمال، گرفتاریوں، قتل وغارت، بے حرمتی اور ہراساں کئے جانے سمیت ہرقسم کی ریاستی دہشت گردی کو قانونی قراردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ روزانہ معصوم شہریوں کے قتل کو دیکھ کر ہرکسی کی آنکھیں نم اور دل پسیج جاتا ہے لیکن اس نسل کشی میں شریک مقامی آلہ کارجوانسانیت ، جمہوریت اور کشمیریت کے چمپئن ہونے کے دعویدار ہیں، گونگے اور بہرے بنے بیٹھے ہیں۔ سید علی گیلانی نے وادی میں باالخصوص پیر پنچال اور چناب کے خطوں میں ریاستی دہشت گردی کی حالیہ لہر پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ قابض افواج رات کی تاریکی میں گھروں میں داخل ہوکر مکانوں کی توڑ پھوڑ ، مکینوں پر تشدد اور خواتین اور بچوں سمیت لوگوں کو ہراساں کرتی ہیں اور جب لوگ ان ظالمانہ کاروائیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہیں توبھارتی فورسز ان پر گولیاں چلاکر انہیں قتل اور زخمی کردیتے ہیں۔ انہوں نے بھارتی فوسزکے ہاتھوں گزشتہ روز شہید ہونے والے طالب علموں مصعب مجید اور نصیر احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاجن کو سونہ ونی ہندوارہ اورسیر ہمدان اسلام آباد میں شہید کیاگیا۔ انہوں نے نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی ثابت قدمی سے شہداء کا لہو رائیگان نہیں جائے گا۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں خواتین کا اہم کردار ہے اور انہیں اخلاقی اقدار کو اختیار کرتے ہوئے اپنے مردوں کوتحریک آزادی میں اپنا کردار ادار کرنے کی ترغیب دینی چاہیے۔