خبرنامہ کشمیر

میرواعظ کی طرف سےایک اورزخمی کے جاں بحق ہونے پرشدید اظہارافسوس

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں اپنے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمرفاروق نے رواں انتفادہ کے دوران بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر فائرنگ اور پیلٹ گن کے بے دریغ استعمال کے باعث زخمی ہونیوالے نوجوانوں کے لگاتار جاں بحق ہونے اور شہداء کی تعداد روز بروز بڑھنے پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں صورہ ہسپتال میں زیر علاج شدید زخمی نوجوان اشفاق احمد کا زخموں کی تاب نہ لا تے ہوئے دم توڑ دینے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہید اشفاق احمد کو زبر دست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی اور یکجہتی کیا ۔ انہوں نے کہاکہ جس پاکیزہ نصب العین کیلئے قربانیاں دی جا رہی ہیں ان کی حفاظت اور تحریک آزادی کو منطقی انجام تک لے جانے کیلئے قیادت اور محب وطن عوام وعدہ بند ہے۔ حریت فورم کے ترجمان نے ایک بیان میں بھارت کے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر کشمیری عوام کی طرف سے بے مثال احتجاجی ہڑتال اور یوم سیاہ منانے پر کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت کب تک ٹھوس زمینی حقائق سے آنکھیں چراتی رہے گی اور طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ اپنی جائز جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کے بلند حوصلوں کو شکست دینے کیلئے بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ نے گزشتہ 40دن کے دوران ظلم و جبر ، قتل و غارت گری اور انسانیت سوز مظالم کے پہاڑ توڑے ہیں وہ ظلم و جبر کی تاریخ میں ایک اور سیاہ باب کا اضافہ ہے۔ترجمان نے کہا کہ ہم کسی قوم کی آزادی کا جشن منانے کے مخالف نہیں ہیں لیکن ہم یہ یاد دلانا چاہتے ہیں کہ سابق بھارتی وزیراعظم نے ہی کشمیری عوام سے سرینگر میں آکر یہ وعدہ کیا تھا کہ کشمیری عوام کو ان کے سیاسی مستقبل کے تعین کا حق دیا جائے گا۔