خبرنامہ کشمیر

میرواعظ کی نظربندی کی مدت میں توسیع سیاسی انتقام ہے:عوامی مجلس عمل

سرینگر ۔ 19 اکتوبر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں عوامی مجلس عمل نے پارٹی سربراہ میرواعظ عمر فاروق کی نظربندی کی مدت میں 31اکتوبر تک توسیع کو بدترین سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بلا جواز طورپر حبس بے جا میں رکھا گیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مجلس عمل نے سرینگر میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں، عہدیداروں اور کارکنوں کے ایک اجلاس میں نظربندی کی مدت میں توسیع پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ اجلاس میں اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا کہ میرواعظ کی مسلسل نظر بندی کی وجہ سے ان کے زیر نگرانی چلنے والے ادارے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ میرواعظ کو حبس بے جا میں رکھنا بین الاقوامی قوانین ،مسلمہ انسانی اصولوں اور عالمی جمہوری قدروں کے منافی اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے۔اجلاس میں کہا گیاکہ مسلسل قید تنہائی میں رکھنے کی وجہ سے میرواعظ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس میں بھی شرکت نہیں کرسکے اور ان کی مسلسل نظربندی کیخلاف عوامی غم و غصے میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔اجلاس میں کہا گیا کہ حریت چےئرمین سید علی گیلانی کی طویل مدت سے نظر بندی بدترین آمریت اور تاناشاہی کا مظاہرہ ہے۔اجلاس میں میرواعظ عمرفاروق سمیت تمام آزادی پسند رہنماؤں ، کارکنوں اور نوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔