خبرنامہ کشمیر

میرپورکے حقوق پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا

میرپور (ملت آن لائن + آئی این پی) سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری محمد اشرف نے کہا ہے کہ میرپورکے حقوق پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ ادارہ ترقیات کے پلاٹو ں کی قیمتوں میں اضافہ نامنظور ہے عوام موجودہ حکومت سے سخت مایوس ہیں ۔ ہمارے اباواجداد نے شہر کو آباد کرنے میں اپنا خون پسینہ بہایا ہے۔جتنی قربانیاں اہل میرپور نے دی ہیں اور کوئی نہیں دے سکتا۔حلقہ میرپور کے وزیر کو اہل میرپور کی قربانیوں کا ادراک نہیں ہے۔ اہل میرپور نے پاکستان کے معاشی استحکام و خوشحالی کے لیے اپنے آباؤ اجداد کی قبروں کو پانی کی نذر کرکے پاکستان سے جس جذباتی لگاؤ کااظہار کیا ہے وہ اہل کشمیر کی پاکستا ن سے لازوال محبت کا عکاس ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہامیرپور متاثرین منگلا ڈیم اور تارکین وطن کا شہر ہے اہلیان میرپور کو تمام جدیدسہولتیں فراہم ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت انسانیت کی فلاح وبہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا آزاد کشمیر کے حکمرانوں نے اپنی اصلاح نہ کی تو پھر یہ حکومت بہت جلد رخصت ہو جائے گی۔