خبرنامہ کشمیر

میری بیٹی کو بھارتی فوج نے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا، عبدالحمید

سرینگر ۔ (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں شہید کشمیری طالبہ شائستہ حمید کے والد نے کہاہے کہ انکی بیٹی کو بھارتی فوج نے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عبدالحمید نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ شائستہ اپنے گھرکے صحن میں موجود تھی جب فوجیوں نے اسے نشانہ بناکر دو فائرکئے جن میں سے ایک اس کی گردن اور دوسری اسکے سرمیں لگی۔ انہوں نے پولیس کے اس دعویٰ، کہ شائستہ فائرنگ کے تبادلے میں جاں بحق ہو ئی ،کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہاکہ فوج نے انکی بیٹی کو بہیمانہ طورپر قتل کیا جو ایک ہونہار طالبہ تھی۔ انہوں نے کہاکہ پولیس جھوٹے اور بے بنیاد دعوے کر کے انکے زخموں پر نمک پاشی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فوج نے انکی بیٹی کوٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایاہے۔واضح رہے کہ پلوامہ کے علاقے للہار میں اتوار کو بھارتی فوج کی تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی میں ایک نوجوان کی شہادت پر مظاہرے کے دوران فوج کی اندھا دھند فائرنگ سے کشمیری طالبہ سمیت دو شہری شہید ہو گئے تھے ۔