خبرنامہ کشمیر

میر واعظ عمر فاروق کا بھارت اور پاکستان کے درمیان سرحدی کشیدگی پر اظہار تشویش

سرینگر ۔ 08 نومبر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کنٹرول لائن اور سرحدوں پر کشیدگی پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی اور تنازعہ کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن و سلامتی کاقیام اور بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ کنٹرول لائن اور سرحدوں پر بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی، شدید فائرنگ اور گولہ باری سے دونوں اطراف قیمتی انسانی جانوں کے زیاں کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر مال واسباب بھی تباہ ہو رہاہے اور کشمیری خوف و ہراس اورعدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیاکہ دونوں ملکوں کے درمیان کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے بغیر امن و سلامتی ، ترقی و خوشحالی اورسیاسی استحکام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔ ادھر حریت فورم کے ترجمان نے ایک بیان میں شوپیاں میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونیوالے دو کشمیری نوجوانوں وسیم احمد کھانڈے اورصدام میر کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ دونوں نوجوانوں نے ایک عظیم کاز کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا ۔ ترجمان نے ان شہدا کے والدین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے انکی بلندی درجات کی دعا کی ۔ انہوں نے بھارتی فورسزکی طرف سے چھاپوں ، گرفتاریوں اور توڑ پھوڑ کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شب فورسز نے جنوبی کشمیر میں چھاپوں کے دوران مذید دس نوجوانون کو گرفتار کر لیا ہے۔