خبرنامہ کشمیر

میر واعظ فورم کا سرحدی کشیدگی پر اظہار تشویش

سرینگر :(ملت+اے پی پی)مقبوضہ کشمیرمیں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے بھارت کی طرف سے گزشتہ تین ماہ سے مسلسل کنٹرول لائن گولہ باری اور جنگ بندی کی خلاف ورزی پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ کشیدگی اور تناؤ ،محاذ آرائی اور جنگ و جدل کسی کے مفاد میں نہیں ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ کنٹرول لائن پر کشیدگی سے دونوں اطراف بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے ۔ انہوں نے بھارت اور پاکستان پر زوردیا کہ وہ کشیدگی اور تناؤ کے ماحول کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات کریں اور کشیدگی اور مخاصمت کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سازگار ماحول قائم کریں تاکہ تمام تصفیہ طلب مسائل خصوصاً دیرینہ مسئلہ کا ایسا پائیدار حل تلاش کیا جاسکے جو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اور دونوں ہمسایہ ملکوں کیلئے قابل قبول ہو۔ انہوں نے واضح کیاکہ کشیدگی اور تناؤ ،محاذ آرائی اور جنگ و جدل کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں جاری عوامی تحریک کو طاقت کے بل پر دبانے کیلئے بھارتی فورسز کی انتقامی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے کے شہر و دیہات میں ظلم و تشدد، قتل عام ، گرفتاریوں ، نظربندیوں اورچھاپوں کا مذموم سلسلہ بھی جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ حریت رہنماؤں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ، مختار احمد وازہ، ایڈوکیٹ شاہد الاسلام اور دیگرکی مسلسل نظربندیوں اور ہزاروں نوجوانوں کی گرفتاریوں کامقصد نہ صرف عوامی تحریک کو کمزور کرنا ہے بلکہ حریت قیادت اور عوام کی اپنے حق خوداردیت کی تحریک کے ساتھ وابستگی کو کمزور کرنا بھی ہے۔انہوں نے سرینگر کے علاقے نواکدل میں چھاپوں کے دوران بے گناہ کشمیری نوجوانوں کی گرفتار ی کی مذمت بھی کی ۔