خبرنامہ کشمیر

میر واعظ کا کنٹرول لائن پر بڑھتی ہوئی کشیدگی پر اظہار تشویش

مقبوضہ کشمیر ، میر واعظ کا کنٹرول لائن پر بڑھتی ہوئی کشیدگی پر اظہار تشویش
سرینگر ۔ 20 جنوری (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کنٹرول لائن پر بڑھتی ہوئی کشیدگی پرتشویش ظاہر کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کنٹرول لائن پر ہر روز قیمتی انسانی جانوں کا زیاں ہورہا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے دونوں ایٹمی ملکوں پر زور دیا کہ وہ محاذ آرائی ترک کر کے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ میر واعظ نے کشمیری پنڈتوں سے اپیل کہ وہ واپس مقبوضہ وادی میں لوٹ آئیں اور کشمیری انکا والہانہ استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کا معاملہ ایک انسانی مسئلہ ہے اور کشمیری مسلمانوں کے لیے یہ بات دکھ کا باعث ہے کہ یہ لوگ اپنے آبائی علاقے سے دور ہیں۔ میر واعظ نے کہا کہ کشمیری پنڈت ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اور کشمیر اتنا ہی انکا ہے جتنا مسلمانوں کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے مسلمان جموں وکشمیر میں بسنے والے ہرطبقے کے لیے حق خود ارادیت کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ حریت فورم کے چیئرمین نے جموں خطے کے ضلع کٹھوعہ میں گجر برادری سے تعلق رکھنے والی ایک کم عمر بچی کی بے حرمتی اور قتل کو انتہائی شرمناک قرار دیا۔دریں اثنا مشترکہ مزاحمتی قیادت کی اپیل پر مقبوضہ علاقے میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف جامع مسجد سرینگر کے باہر ایک پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرے میں شریک حریت رہنماؤں اور کارکنوں نے بھارتی ریاستی گردی اور تحقیقاتی ایجنسیوں این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے مزاحمتی رہنماؤں سمیت بے گناہ کشمیریوں کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کی شدید مذمت کی۔