خبرنامہ کشمیر

میر واعظ کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کی مذمت

سرینگر ۔ 24 اکتوبر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے مشترکہ حریت قیادت کی جانب سے دیے جا رہے احتجاجی پروگراموں پر عملدرآمد کے نتیجے میں کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فورسزکی طرف سے لوگوں کے گھروں پر چھاپوں کے دوران نقدی اور طلائی زیورات لوٹنے اور متعددافرد کو گرفتار کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں خاص طور پر پلہالن، بڈگام ، شوپیاں اور سرینگر میں پرامن عوامی مظاہرین پر بھارتی فورسز کی پر تشدد کاروائیوں ، آنسوگیس شیلنگ اور مہلک ہتھیار پیلٹ گن کے استعمال سے درجنوں افراد کے زخمی ہونے اور کپواڑہ میں کریک ڈاون کے دوران پچاس سے زائد افراد کو گرفتار کرنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر حراست چیئرمین محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت کے پیش نظر ان کو صورہ میڈیکل انسٹیٹیوٹ منتقل کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اللہ تعالیٰ سے ان کی جلد صحتیابی کے لئے خصوصی دعا کی۔