خبرنامہ کشمیر

نام نہاد پنچایت انتخابات کشمیریوں کے حق خودارادیت کا متبادل نہیں ہو سکتے، شاہد سلیم

نام نہاد پنچایت انتخابات کشمیریوں کے حق خودارادیت کا متبادل نہیں ہو سکتے، شاہد سلیم

جموں (ملت آن لائن) جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ نے کہاہے کہ مقبوضہ علاقے میں نام نہاد پنچایت انتخابات کشمیریوں کے حق خودارادیت کا متبادل نہیں ہو سکتے جس کیلئے وہ بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء اور پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے راجوری میں پارٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنچایت انتخابات کے نام پر ایک اور فوجی مشق سے مقبوضہ علاقے کی پیچیدہ سیکورٹی صورتحال مزید بگڑ جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام نے کبھی بھی بھارت کی طرف سے انتخابات کے نام پر اپنی فورسز کے ذریعے منعقد کی جانیوالی مشق کو قبول نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سرینگر میں بھارتی پارلیمنٹ کے حال ہی میں منعقد ہونیوالے انتخابات کے دوران بھارت کی تمام تر کوششوں کے باوجود دو فیصد ووٹروں نے بھی ووٹ نہیں ڈالے جبکہ بھارت کئی شیڈولوں کے اعلان کے باوجود جنوبی کشمیر کی نشست پر بھی انتخاب نہیں منعقد کرا سکا۔ پیپلز موومنٹ کے چیئرمین نے کہاکہ جب تک کشمیر کے سیاسی مسئلہ کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا مقبوضہ علاقے میں نام نہادانتخابات کا انعقاد ایک بے سود اور بے معنی مشق ہو گی ۔