خبرنامہ کشمیر

نظربند حریت رہنماؤں کی حالت زار پر اظہار تشویش؛میرواعظ فورم

نظربند حریت رہنماؤں کی حالت زار پر اظہار تشویش؛میرواعظ فورم
سرینگر :(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل غیر قانونی طورپر نظربند سینئر حریت رہنماء شبیر احمد شاہ کی تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل میں نظربند حریت رہنماؤں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تہاڑ جیل میں حریت رہنماء شبیر احمد شاہ کے علاوہ الطاف احمد شاہ ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، نعیم احمد خان، معراج الدین کلوال، فاروق احمد ڈاراور ایڈووکیٹ شاہد الاسلام نظربند ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان رہنماؤں میں سے بیشتر پہلے سے ہی کئی جسمانی عارضوں میں مبتلا ہیں اور جیل میں انہیں مناسب خوارک اور علاج معالجے کی سہولتوں کی عدم فراہمی کی وجہ سے ان کی حالت تشویشناک حد تک بگڑگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹروں کے اصرار کے باوجود جیل حکام حریت رہنماؤں کو علاج معالجے اور دیگر سہولتوں سے محروم رکھ رہے ہیں جو کہ حد درجہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے تمام نظربند حریت رہنماؤں اورکارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ ترجمان نے حاجن کے علاقے چندرگیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے چھ کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اس کے منطقی انجام تک جاری رکھا جائیگا اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جا ئیگا ۔ ادھر فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی ہدایت پر مشتاق احمد صوفی، پیر غلام نبی ، ایڈووکیٹ یاسر دلال اور فاروق احمد سوداگر پر ایک وفدنے پارمپور سرینگر جاکر گزشتہ دنوں شہید ہونیوالے مغیث احمد میر کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس موقع پر میر واعظ نے ٹیلی فون پر شہید نوجوان کے اہل خانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری شہداء بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور انکے مشن کو ہر صورت میں جاری رکھا جائیگا۔جموں کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے بھی ایک بیان میں مغیث احمد میراور حاجن میں شہید ہونیوالے چھ کشمیری نوجوانوں کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ چیف آرگنائزر امتیاز احمد کی قیادت میں پیپلز فریڈم لیگ کے ایک وفد نے بھی پارمپورہ جاکر مغیث احمد میر کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔