خبرنامہ کشمیر

نعیم خان کا شہدائے گاؤکدل کو خراج عقیدت

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اورنیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان شہدائے گاؤکدل کوان کی27 ویں برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیاجائے گا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نعیم احمد خان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے جنہوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ 21جنوری 1990کو بھاتی فورسز نے سرینگر کے علاقے گاؤ کدل میں ایک پر امن ریلی پر بلااشتعال فائرنگ کر کے 50 سے زیادہ شہریوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کردیا تھا ۔انہوں نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری قتل عام ، دوران حراست گمشدگیوں ، پیلٹ گن جیسے مہلک ہتھیاروں سے کشمیریوں کو بصارت سے محروم کرنے اور خواتین کی بے حرمتیوں جیسے سانحات کو بھارتی جمہوریت کے چہرے پر بدنما داغ قراردیا۔ حریت رہنماء نے کشمیریوں کے قتل عام کے واقعات ہمیشہ ہمیں بھارت کی خود ساختہ جمہوریت کے گھناؤنے چہرے کی یاد دلاتا رہے گا۔انہوں نے کہاکہ بھارت فوجی قوت کے بل پر اور طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔تاہم انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ دنیا میں کسی بھی آزادی پسند قوم کو ظالم قوتیں شکست سے دوچار نہیں کرپائی ہیں بلکہ ہمیشہ آزادی کی متمنی قوموں نے جارح قوتوں کوشکست دی ہے ۔نعیم احمدخان نے کہاکہ بھارت بدترین ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکا ہے ۔انہوں نے کشمیری شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔ حریت رہنماء نے جموں وکشمیر مسلم پرسنل لاء بورڈ کی طرف سے حالیہ انکشاف کہ مفتی اعظم مفتی بشیر الدین اور ان کے ڈپٹی مفتی ناصر الاسلام اوردیگر بھارت مخالف قائدین کوقتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے پر شدید تشویش ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیاکہ اگر کسی کشمیری رہنما کو کوئی گزند پہنچی تو اس کے سنگین نتائج بر آمد ہوں گے۔