خبرنامہ کشمیر

نوجوانوں کی شہادت پر مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں مکمل ہڑتال

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک طالب علم اور دونوجوانوں کی شہادت پر آج مکمل ہڑتال ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز پلوامہ کے علاے پدگام پورہ میں مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے کشمیری طالب علم عامر نذیر کو شہید کردیاتھا ۔ فوجیوں نے علاقے میں ایک جعلی مقابلے کے دوران دو اور نوجوانوں کو بھی شہید کردیاتھا ۔ ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے نوجوانوں کی شہادت پر دی ہے ۔ تمام دکانیں ، تجارتی مراکز اور سکول بند اور سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت معطل ہے ۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے لوگوں کو نوجوانوں کی شہادت پر نماز جمعہ کے بعد مظاہرے کرنے سے روکنے کیلئے پورے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی بھاری تعداد کو تعینات کررکھا ہے ۔ انتظامیہ نے میر واعظ عمر فاروق کو گھرو میں نظربند کردیا ہے جبکہ دیگر حریت رہنماء سید علی گیلانی ، شبیر احمد شاہ اور ظفر اکبربٹ پہلے ہی گھروں میں نظربند ہیں۔ اس کارروائی کا مقصد انہیں احتجاجی مظاہروں کی قیادت کرنے سے روکنا ہے ۔