خبرنامہ کشمیر

نہتےکشمیریوں پربھارتی جبرواستبداد کےسنگین نتائج نکلیں گے، آغا سید حسن

سرینگر : (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے مقبوضہ وادی بھر میں جاری بے گناہ شہریوں کی گرفتار ی کی لہر کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بھارتی جبرو استبداد کے انتہائی سنگین نتائج نکلیں گے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آغا سید حسن المسوسی الصفوی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ نوجوانوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن ایک خطرناک عمل ہے جس سے مقبوضہ علاقے کی صورت حال مزید بگڑ جائے گی۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے ترجمان زاہد علی کی گرفتاری کی بھی مذمت کرتے ہوئے تمام سیاسی نظر بندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کے خلاف مظالم انسانی حقوق کی سخت خلاف ورزی ہیں۔