خبرنامہ کشمیر

وادی کشمیرمیں ہڑتال سے معمولات زندگی متاثر

سرینگر: (ملت+اے پی پی)مقبوضہ وادی کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی تسلط اور بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے شہریوں کے قتل عام اور دیگر مظالم کے خلاف جمعہ کو بھی مسلسل ہڑتال کی وجہ سے نظام زندگی متاثر رہا ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، اور حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمت قیادت نے دی تھی ۔ دکانیں، کاروباری ادارے اور پٹرول پمپ بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی ۔ دریں اثنا کٹھ پتلی انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق، شبیر احمد شاہ، آغا سید حسن الموسوی الصفوی ، آسیہ اندرابی، بلال صدیقی، مختار احمد وزہ ، ظفر اکبر بٹ، ایاز اکبر اور فہمیدہ صوفی کونماز جمعہ کے بعد بھارت مخالف مظاہروں کی قیادت سے روکنے کیلئے مسلسل گھروں میں نظربند یا حراست میں رکھا ۔ انہیں نماز جمعہ ادا کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔