خبرنامہ کشمیر

وزیراعظم خطے میں کرپشن کے خاتمہ اورمیرٹ کی بحالی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں

میرپور (ملت + آئی این پی) سابق اُمیدوار اسمبلی پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر وایکشن فورم متاثرین منگلاڈیم کے صدر راجہ نہیب ٹھاکرنے کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان آزادکشمیر میں نئی اصلاحات کر کے خطے میں کرپشن کے خاتمہ اورمیرٹ کی بحالی کیلئے شاندار اقدامات کر رہے ہیں‘ مسلم لیگ ن کی حکومت کے قیام سے لیکر اب تک خطے کی ترقی بالخصوص آزادکشمیر کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو ان کا صحیح حق فراہم کرنے کیلئے بہترین اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ان خیالات کااظہار سابق اُمیدوار اسمبلی پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر وایکشن فورم متاثرین منگلاڈیم کے صدر راجہ نہیب ٹھاکرنے میڈیانمائندگان سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیرمیں نئے اقدامات کر کے جہاں آزادکشمیر میں ترقیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے وہیں آزادکشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود بھی اولین ترجیحات میں شامل ہے مسلم لیگ ن انشاء اللہ آئندہ پانچ سالوں کے دوران آزادکشمیر کو تعمیروترقی کے حوالہ سے ماڈل سٹیٹ بنا دے گی موجودہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی منشاء اور خواہشات کے مطابق اقدامات کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آزادکشمیرکے عوام نے سابقہ حکومت اور حکمرانوں کیخلاف ووٹ کی طاقت کے ذریعے ایک بڑا مینڈیٹ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کی حکومت کو دیا ۔ انشاء اللہ بہت جلد آزادکشمیر کو تعمیروترقی اور عوامی بہبود کے لحاظ سے ایک مثالی علاقہ بنا دینگے جب تک عوام کو ان کا صحیح حق فراہم نہیں کر دیاجاتا اس وقت تک کسی بھی صورت چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ میاں محمدنواز شریف وزیراعظم پاکستان کی حیثیت سے آزادکشمیر کو ہر لحاظ سے خوشحال اور معاشی طور پر ایک مضبوط خطہ بنانے کی طرف کوشاں ہیں ان کی ان کاوشوں اور خواہشات کے مطابق ہی آزادکشمیر کے عوام نے مسلم لیگ ن کو عام انتخابات میں بھاری مینڈیٹ سے کامیابی دلوائی اور انشاء اللہ بہت جلد وزیراعظم پاکستان و قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف ، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں آزادکشمیر کو ہر لحاظ سے ایک مضبوط اور مستحکم علاقہ بنانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔