خبرنامہ کشمیر

وزیراعظم سے اووسیز کمشنر برائے وزیراعظم پاکستان زبیر گل اور بیرسٹر عابد کی ملاقات

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے اووسیز کمشنر برائے وزیراعظم پاکستان زبیر گل اور معروف برطانوی سماجی شخصیت بیرسٹر عابد نے جمعرات کے روز یہاں کشمیر ہاوس میں ملاقات کی اور تارکین وطن کے مسائل، آزادکشمیر میں سرمایہ کاری اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی بات چیت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر حکومت اوورسیز کشمیریوں کے تمام مسائل کے فوری حل کے لئے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے اووسیز فیسیلیٹیشن Facilitationسیل بھی قائم کیا جارہا ہے جو اوورسیرز کشمیریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت دے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اووسیز کشمیری اور پاکستانی بھائیوں کا اہم کردار رہا ہے جس کو حکومت انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لئے اووسیز کشمیری اور پاکستانی بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن ملک کی معیشت کی مضبوطی کے لئے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے لئے بہتر ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر ایک پرامن خطہ ہے اور یہاں ٹورازم اور ہائیڈل میں سرمایہ کاری کے زیادہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہرممکن تحفظ اور تمام تر سہولیات کو فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ ریاست خوشحال ہو اور عوام کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔