خبرنامہ کشمیر

وزیراعظم پاکستان جدید پاکستان کے معمار ہیں: وزیر اعظم آزاد کشمیر

راولپنڈی (ملت + آئی این پی) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف جدید پاکستان کے معمار ہیں۔جنہوں نے ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لیے انتھک محنت کی ہے،میاں محمد نواز شریف کو بحرانوں میں مبتلا اور اقتصادی طور پر کمزور پاکستان ملا لیکن وزیراعظم پاکستان نے تین سال کے عرصہ میں پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، اس وقت پاکستان میں ایک سیاسی جماعت یہودو نصاریٰ کے ایجنڈے پر چل کر ملک میں فساد پھیلا نا چاہتی ہے جس میں اسے کامیابی نہیں ہوگی۔کشمیری ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان چاہتے ہیں جو دنیا میں ان کی آزادی کی تحریک کی جاندار وکالت کرسکے۔ وزیراعظم آزادکشمیر لیگی ممبر اسمبلی احمد رضا قادری کی طرف سے مئیر راولپنڈی سردار نسیم کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کررہے تھے۔ عشائیے میں وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، آزادکشمیر کابینہ کے اراکین،مسلم لیگ ن راولپنڈی کے عہدیداران،ممبران اسمبلی سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حید رخان نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف محسن پاکستان ہیں جنہیں جدید پاکستان کا معمار ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کے لیے میاں محمد نواز شریف نے دن رات محنت کی وہ پاکستان جسے دنیاڈیفالٹر قرار دے رہی تھی آج وہی پاکستان ایشین ٹائیگر کے طور پر ابھر رہا ہے اور سٹاک ایکس چینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے خیبرسے کوئٹہ تک تعمیر وترقی کا سفر جاری ہے۔ہماری خواہش ہے کہ پاکستان اقتصادی اور سیاسی طور پر مضبوط ہو،مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی نتیجہ خیز وکالت کرسکتا ہے۔ہر کشمیری خواہ اس کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو وہ مضبوط اور مستحکم پاکستان کا متمنی ہے۔