خبرنامہ کشمیر

وزیراعظم کی لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت

کوٹلی (ملت + آئی این پی) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے انجینئرنگ یونیورسٹی کوٹلی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کے پروگرام کے تحت 30طلباء میں لیٹ پاٹ تقسیم کیئے گئے ۔تقریب سے یوٹیورسٹی کے وائس چانسلر غلام غوث نے بھی خطاب کیا ۔وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان طلباء وطالبات میرا سرمایہ حیات ہیں اپنی زندگی گزار لی عوام کی خدمت کے ذریعے آخرت کا سامان کرنا ہے ۔مقبوضہ کشمیر کے اندر شہید ہونے والے معصوم بچے بھی ہمارے بچے ہیں ان کی شہادت پر دکھی ہیں ہندوستان بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زخمی اور بیماروں کوہسپتالوں تک رسائی نہیں دے رہا جس کا بین الاقوامی برادری کو نوٹس لینا چاہیے ۔وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دنیا بھر میں بے نقاب کرنے کے لیئے نوجوان سوشل میڈیا کا استعمال کریں آزادکشمیر کے نوجوانوں نے برادری اور علاقائی ازم کے خلاف جہاد کرنا ہے جس کے لیئے انہیں تیار کرنا ہے ۔وزارت عظمیٰ کے بعد کچھ اور نہیں چاہیے نوجوانوں کا مستقبل سنوارنا ہے اگر میرٹ پامال ہوتا ہے تو لوگ نفسیاتی طور پر دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں ۔سیاسی بنیادوں پر نااہل لوگوں کو حقدار کا حق مار کر آگے نہیں لائیں گے اپنی پارلیمانی پارٹی کا شکرگزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ میری حمایت کی جن والدین نے مشکل سے بچوں کو پڑھایا جس بچے کی ماں لوگوں کے گھروں میں جا کر کپڑے دھوتی اور برتن مانجھتی ہے اس کی اولاد پر ریاست کے وسائل حرام نہیں ہیں اسے برابری کی بنیاد پر مواقع ملنے چاہے آزادکشمیر کے نوجوانوں کو مدد کی ضرورت ہے ہم انہیں معاشرے کا ایک فعال حصہ بنا کر ان کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں ۔