خبرنامہ کشمیر

وزیرا عظم آزاد کشمیر کی مذمت

مظفرآباد (ملت + آئی این پی) وزیرا عظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے نیلم میں بھارتی فورسز کی جانب سے مسافر بس کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں 9 افراد شہید جبکہ 15 زخمی ہوئے ۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے فائرنگ کے نتیجہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور انکی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی ۔ اپنے تعزیتی بیان میں و زیر اعظم آزادکشمیر نے کہا ہے کہ بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر آباد سویلین پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے ۔بھارت اپنے مذموم مقاصد سے باز رہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ بھارت کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔بھارت نہتے سویلین پر فائرنگ کر کے ثابت کر رہا ہے کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کو کامیاب ہوتا دیکھ کر حواس باختہ ہوچکا ہے۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد دی جائے اور متاثرین کی بحالی کے لیے تمام تر اقداما ت عمل میں لائے جائیں۔