خبرنامہ کشمیر

وزیر اعظم آزاد کشمیر کا وزیر اعظم نواز شریف سے معافی مانگنے کا مطالبہ

کوٹلی(آئی این پی) وزیر اعظم آزاد کشمیرچوہدری عبدالمجید نے کوٹلی میں کارکنوں کی ہلاکت پر وزیر اعظم نواز شریف سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ تقسیم کشمیر کے معاملے کو طول دیا جارہا ہے ، مسئلے کے حل کیلئے آرمی چیف کردار اداکریں۔وہ پیر کو کوٹلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ تقسیم کشمیر کے معاملے کو طول دیا جارہا ہے اور مودی کو خوش کرنے کیلئے ڈرامہ رچایا جارہا ہے مسئلے کے حل کیلئے آرمی چیف کردار اداکریں، جموں میں مودی سرکار اور آزاد کشمیر میں نواز حکومت مظالم ڈھارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوٹلی میں کارکنوں کی ہلاکت پر نواز شریف معافی مانگیں، واقعے کے خلاف ملک بھر میں یوم سیاہ منارہے ہیں۔واضح رہے کہ 2 روز قبل کوٹلی میں پی پی کے ورکرز کنونشن پر (ن) لیگ کے کارکنوں نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں پی پی کے 2 کارکن جاں بحق ہوگئے تھے۔ کوٹلی واقعہ کیخلاف پیپلز پارٹی کی اپیل پر پیر کو آزاد کشمیر میں یوم سیاہ منایا گیا۔(اح)