خبرنامہ کشمیر

وزیر اعظم فاروق حیدر سے بھمبر کے (ن) لیگی رہنماؤں کی ملاقات

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سابق ممبر اور مسلم لیگ (ن) ضلع بھمبر کے صدر راجہ مقصود احمد خان مسلم لیگ (ن) تحصیل سماہنی کے صدر حاجی راجہ منیر اللہ خان نے جموں وکشمیر ہاؤس اسلام آباد میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے ملاقات کی ۔ انہوں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو حلقہ سماہنی کا تفصیلی دورہ کرنے اور تعمیر وترقی کے میگا پراجیکٹس کا اعلان کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے وزیر اعظم آزادکشمیر کو حلقہ سماہنی کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ پندرہ سالوں میں کسی وزیر اعظم نے حلقہ سماہنی کا دورہ نہیں کیا تھا حلقہ سماہنی ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے ۔ اس وقت کے نمائندوں نے علاقے کے مسائل کے حل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی بلکہ انکی لاقانونیت اور خود غرضانہ پالیسیوں سے عوام علاقہ نہ صر ف تعمیر وترقی سے محروم ہوئے بلکہ انکی عزت و آبرو جان و مال بھی محفوظ نہیں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ سماہنی میں سابق وزیر اعظم سردار سکندر حیات خان کے دور میں ترقیاتی کام ہوئے تھے انکے بعد علاقہ تعمیر وترقی سے مرحوم رہا اب دوبارہ موجودہ حکومت اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کی خصوصی توجہ سے علاقہ شاہراہ ترقی کی طرف گامزن ہواہے اور تعمیر وترقی کے کام شروع ہوئے ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کی توجہ ضلع کونسل بھمبر کے فنڈز میں خرد برد کی طرف مبذول کرواتے ہوئے بتایا کہ ضلع کونسل بھمبر کے فنڈز سے حلقہ سماہنی کو محروم رکھا جارہا ہے اور ضلع کونسل کے فنڈز پسند و ناپسند کی بنیاد پر دئیے جارہے ہیں۔ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مسلم لیگ (ن)کے عہدیداران کو یقین دلایا کہ حلقہ سماہنی جو کہ سیز فائرلائن پر واقع ہے اور تعمیر و ترقی سے محروم ہے اسکو ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی فنڈز مہیا کیے جائیں گے ۔ علاقے میں تعلیمی ادارے ، سڑکیں اور دیگر ترقیاتی منصوبے تیزی سے شروع کیے جائیں گے ۔