خبرنامہ کشمیر

وزیر اعظم فاروق حیدر کا سی ایم ایچ مظفرآبادکا دورہ

مظفرآباد (ملت + آئی این پی) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے سی ایم ایچ مظفرآبادکا دورہ کیااور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں اور دیگر مریضوں کی عیادت کی ۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات مشتاق احمدمنہاس بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مریضوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کی ہدایات کیں ۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ علاج معالجہ کی سہولتوں میں بہتری اور ادویات کی فراہمی کے لئے بجٹ میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ز ہستپالوں کو اپ گریڈ کر کے ماڈل ہسپتال بنایا جائیگا تاکہ مرکزی ہسپتالوں پر بوجھ کم ہو سکے اور لوگوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات انکی دہلیز پر میسر آسکیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔ عوام کی خدمت ہمارا اولین ایجنڈا ہے جسکی تکمیل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو صحت کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہیلتھ بجٹ میں اضافہ کیا جارہا ہے اور تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی ادویات کی مفت فراہمی کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ لائن آف کنٹرول کے 13حلقہ جات میں ڈاکٹرز کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنادی گئی ہے اور ان علاقوں میں صحت کی جدید سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں وہ بھارتی فائرنگ کے سامنے پاک فوج کے شانہ بشانہ سینہ سپر ہیں جس پر انکی ہمت لائق تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں دہشتگردی کے ساتھ ساتھ اب لائن آف کنٹرول پر بسنے والے کشمیریوں کی زندگی بھی اجیرن کر دی ہے ۔ لیکن کشمیری اسکے مذموم عزائم سے گھبرانے والے نہیں تحریک آزادی کشمیر اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والی ہے اب بھارت زیادہ دیر تک مقبوضہ کشمیر پر اپنا جابرانہ تسلط قائم نہیں رکھ سکتا ۔