خبرنامہ کشمیر

وزیر اعظم پاکستان مسئلہ کشمیر کے تاریخی حقائق سے آگاہ کریں

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف سے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریز کو مسئلہ کشمیر کے تاریخی حقائق سے آگاہ کریں تاکہ اس دیرینہ تنازعے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے مسئلہ کشمیر صرف انسانی حقوق کا ہی مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس کا ایک تاریخی پس منظر ہے اور بھارت کاجبری قبضہ اس قضیہ کی بنیاد ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ انہوں نے کہاکہ انتونیو گوتریز نے مسئلہ کشمیر کے حل میں دلچسپی ظاہر کی ہے اس لئے ضروری ہے کہ وزیر اعظم پاکستان انہیں اس سلسلے میں حقائق اور بھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی رویے سے آگاہ کریں اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اہم اقدامات کرنے کا مطالبہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر بارے عالمی ادارے کی متعدد قراردادوں کے باوجود یہ تنازعہ آج بھی حل طلب ہے ۔آسیہ اندرابی نے کہاکہ محمد نواز شریف کوچاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی وساطت سے بھارت کو مقبوضہ کشمیر کی رائے شماری کرانے پر مجبور کریں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے مثبت اور فعال کردار ادا کرے۔ یہ اسی ادارے کے تساہل کا نتیجہ ہے کہ ارض کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے۔ دریں اثنا انہوں نے عالمی اداروں میں حکومت پاکستان اورمحمد نواز شریف کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو موثر طورپر اجاگر کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے ۔