خبرنامہ کشمیر

پائیدار امن کے قیام کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، یاسین

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہاہے کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے قیام کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یاسین ملک نے اسلام آباد میں کشمیر کے بارے میں ایک بین الاقوامی سیمینار کے دوران ایک ویڈیو خطاب میں کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں حالیہ انتفاضہ کے دوران بھارتی فورسز نے طاقت کاوحشیانہ استعمال کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پانچ ماہ تک جاری رہنے والے انتفاضہ کو کچلنے کیلئے انتظامیہ نے فوجی طاقت اور مہلک ہتھیاروں کا بے دریغ استعمال کیا ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس نے انتفاضہ کے پہلے ماہ کے دوران 13 لاکھ پیلٹس (چھرے)فائر کرنے کا اعتراف کیا تھا جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں کشمیری شہید اور ان کی بینائی متاثر ہوئی ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے ڈاکٹروں کے ایک تخمینے کے مطابق انتفاضہ کے پہلے چار ماہ کے دوران پیلٹ گن سے 1178 کشمیریوں کی آنکھوں میں زخم آئے ۔ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین نے کہاکہ اس دوران سو سے زائد کشمیریوں کو شہید ، تقریبا پندرہ ہزار زخمی اور دس ہزار نوجوانوں کو گرفتار کیاگیا ۔انہوں نے کہاکہ 2008 ء اور2010 ء میں بھی عوامی انتفاضہ کو فوجی طاقت کے بل پر کچلاگیا اور 2016 ء کے انتفاضہ کوبھی طاقت کے وحشیانہ استعمال کا نشانہ بنایا گیا ۔انہوں نے کہاکہ بھارت جیساغریب ملک سالانہ 40 ارب ڈالر فوجی اخراجات کر رہا ہے اور ہر سال دفاعی اخراجات میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل سے جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و سلامتی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ۔ اس سے نہ صرف کشمیریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو گابلکہ جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام اور خوشحالی آئے گی ۔ انہوں نے سیمینار میں شرکت کی دعوت دینے پر قومی اسمبلی کے ینگ پارلیمنٹیرینز فورم کا شکریہ ادا کیا ۔