خبرنامہ کشمیر

پائیدار امن کے قیام کی امید ہرگز نہیں رکھی جاسکتی، آغا سید حسن

سرینگر: (ملت+اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور جموں وکشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تک خطے میں پائیدار امن کے قیام کی امید ہرگز نہیں رکھی جاسکتی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آغا سید حسن الموسی الصفوی نے ضلع بڈگام میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں جو ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز تحریک آزادی کو دبانے کیلئے پیلٹ بندوق اور دیگر مہلک ہتھیاروں کا بے دریغ استعمال کر رہی ہیں لیکن اسکے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ شہدا کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ متحدہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے جاری کردہ احتجاجی کلینڈر پر پوری طرح سے عمل درآمد کریں ۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر نظر بندکشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی کی طرف سے قوموں کے حق خود ارادیت سے متعلق پاکستان کی قرارداد کی منظوری کاخیرمقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری حق خود ارادیت سے کم کوئی اور چیز قبول نہیں کریں گے۔دریں اثنا حریت رہنما ڈاکٹر غلام محمد حبی نے چرار شریف میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی طرف سے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ ومسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ضروری اقدامات کرے۔ ڈاکٹر حبی نے کشمیریوں پر زور دیا کہ متحدہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے جاری کیے جانے والے احتجاجی پروگراموں پر پوری طرح سے عمل کریں ۔