خبرنامہ کشمیر

پاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی کی مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت

مظفرآباد (آئی این پی) پاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیر احمد خزالی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر راہنماؤں ترجمان اے پی ایچ سی ایاز اکبر ،سیف اللہ پیر اور محمد یوسف الٰہی کی بھارتی فوج کے ہاتھوں گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں 4ماہ سے مسلسل کرفیو،جبر و تشدد اور حریت قائدین سمیت نوجوانوں کی مسلسل گرفتاریاں عالمی امن کے ٹھیکیداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں،کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایاز اکبر کو بدنام زمانہ کالے قانون پی ایس اے کے تحت گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا گیا ہے جبکہ حریت قائدین راہنماؤں سیف اللہ پیر اور محمد یوسف الٰہی کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پلوامہ میں پرامن احتجاجی ریلی پر قابض بھارتی افواج نے وحشیانہ تشدد کیا ،پیلٹ گن سے 30افراد زخمی کیے گئے جبکہ درجنوں نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے پلوامہ میں حریت رہنما محمد یوسف الٰہی کے گھر پر حملہ کر کے مکان کی توڑ پھوڑ کی گئی اور گھریلو سامان تباہ کر دیا گیا ہے مقبوضہ جموں و کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کو دبانے اور نواجونوں کی سیاسی جدوجہد کو کچلنے کے لیے اندھا دھند گرفتاریاں کی جا رہی ہیں اب تک بیس ہزار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے مسلسل گرفتاریاں شروع کر رکھی ہیں انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے اقوام متحدہ سمیت کوئی بھی طاقت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس نہیں لے رہی ،عالمی برادری کی خاموشی اور مجرمانہ کردار کے باعث مقبوضہ کشمیر کے نواجونوں میں سخت رد عمل پایا جا رہا ہے جو کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے ،عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر کے حالات کا نوٹس نہ لیا تو خطہ بڑی تباہی سے دو چار ہو سکتا ہے۔