خبرنامہ کشمیر

پانپور میں بھارتی فوج پر حملے کے بعد سرچ آپریشن جاری

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں قابض انتظامیہ نے ضلع پلوامہ کے علاقے پانپور میں بھارتی فوج پر حالیہ حملے کے بعد قصبے اور اس کے مضافاتی علاقوں میں سکیورٹی مزیدسخت کردی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے علاقے میں تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جبکہ سرینگر جموں شاہراہ کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے اور شاہراہ پر بھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔کدلہ بل پانپور میں بھارتی فوج پر ہونے والے حالیہ حملے کے بعدسرینگر جموں شاہراہ پر بھارتی فوج ،پولیس اور دیگر ایجنسیوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور جگہ جگہ ناکے لگائے گئے ہیں۔بھارتی فورسز نے سرینگر جموں شاہراہ پر گالندر ،کاکہ پورہ،اونتی پورہ ،کھریو،کدلہ بل ،لسجن اور دیگر کئی مقامات پر ناکے لگائے ہیں اوروہ گاڑیوں کو روک کر مسافروں کی جامہ تلاشیاں لے رہے ہیں ۔ فورسز اہلکارمسافروں سے پوچھ گچھ کررہے ہیں اوران کے شناختی کارڈ چیک کررہے ہیں۔ ادھربھارتی فورسزنے جنوبی کشمیر کے علاقوں ہاوورہ کولگام،ہف شرمال شوپیاں اورضلع پلوامہ کے علاقوں کریم آباد ، زڈورہ ، رٹھسونہ اور ترال کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی لی۔