خبرنامہ کشمیر

پاواشیل بھی پیلٹ گن کی طرح جان لیوااورمہلک ہتھیارہے ،ڈاکٹرزایسوسی ایشن کشمیر

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کشمیر نے پیلٹ گن کے متبادل ’پاوا شیل‘کو جان لیوا ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس شیل(پاوا) کا شکار ہونے والے انسان جانیں بھی گنوا سکتے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثار الحسن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاوا شیل انسانی زندگیوں کیلئے مہلک ثابت ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ ماہرین کی کمیٹی نے لوگوں کا ہجوم کوکنٹرول کرنے کیلئے پاوا شیل کے استعمال کی منظوری دیدی ہے لیکن اِن کے استعمال سے بھی موت واقع ہوسکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ اس ہتھیار کو غیر مہلک کہا جارہا ہے لیکن اِن(پاوا)سے سانس رک سکتا ہے ۔ ڈاکٹر نثار الحسن نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں پہلے ہی اِس مہلک ہتھیارکا استعمال جاری ہے جس کا اعتراف بھارت کی فوج کی سینٹرل ریزروپولیس فورس نے ہائی کورٹ میں پیش کئے جانیوالے بیان حلفی میں کیا ہے۔انہوں نے مذید کہاکہ بھارتی پولیس نے2009 میں ایک نوجوان کی اچانک موت کا مقدمہ درج کیا تھا اور2013 میں عالی کدل میں ایک عمر رسیدہ خاتون پیپر گیس کا شکار ہونے سے لقمہ اجل بن گئیں۔انہوں نے کہاکہ پیپر گیس پاواشیل کی ہی ایک قسم ہے جس میں مرچوں سے حاصل ہونیوالے ذرات (capsaicin) کے فعال جزو موجود ہوتے ہیں۔