خبرنامہ کشمیر

پاکستانی ہائی کمشنر نے فون پر سیدعلی گیلانی کی خیریت دریافت کی ،حالت اطمینان بخش ہے،حریت کانفرنس

سرینگر ۔ 03 فروری (ملت+ اے پی پی) نئی دلی میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے فون پر سید علی گیلانی کی خیریت دریافت کی ۔ انہوں نے حریت رہنما کی جلد صحت یابی اور درازئ عمر کے لیے دُعا کی،حریت کانفرنس کے ترجمان کے مطابق سید علی گیلانی کی صحت اب اطمینان بخش ہے ،انہیں جمعرات کی صبح سینے میں درد کے بعد صورہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ سرینگر کے انتہائی نگہداشت وارڑمیں داخل کرایا گیا تھا ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سید علی گیلانی کی جلد صحت یابی اور درازئ عمر کے لیے خصوصی دُعاؤں کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں نے سید علی گیلانی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور ان کے کے ضروری ٹیسٹ کیے اور تمام ٹیسٹس کی رپورٹ آنے کے بعد ڈاکٹروں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ دنیا کے مختلف ملکوں اور جموں وکشمیر سے کافی لوگوں نے فون کرکے گیلانی صاحب کی خیریت دریافت کی۔ دریں اثنا نئی دلی میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھی فون پر سید علی گیلانی کے ساتھ بات کر کے ان کی خیریت دریافت کی ۔ انہوں نے حریت چیئرمین کی جلد صحت یابی اور درازئ عمر کے لیے دُعا کی۔