خبرنامہ کشمیر

پاکستان مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرہا ہے، سردار مسعود خان

پاکستان مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرہا ہے، سردار مسعود خان

اسلام آباد (ملت آن لائن) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ ضرور ت اس امر کی ہے کہ ہم اس مسئلے کو پر اثر طریقے سے تیزی کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر اجاگر کریں۔ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، ہماری افواج وطن عزیز کے دفاع کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرتیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے آج یہاں کوئٹہ کمانڈاینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں پاکستانی فوجی آفیسران اور بیرون ممالک سے آئے ہوئے زیر تربیت فوجی آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے اور وہاں نہتے اور معصوم کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے کشمیریوں کو ان کے بنیادی حق خودارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ وہاں شدید انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔اور بھارتی افواج ظلم کے نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے۔ کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے اور بوڑھے ، خواتین اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کشمیر کے باسیوں کا صرف اتنا قصور ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا حق خودارادیت مانگ رہے ہیں اور یہ حق انہیں بین الاقوامی براردری نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے دے رکھا ہے۔ بدقسمتی سے بھارت گزشتہ سترسالوں سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پس پشت ڈال کر طاقت کا بے جا استعمال کرتے ہوئے کشمیر کی تحریک آزادی کو کچلنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔ کشمیری اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق رکھتے ہیں اور یہ حق ان سے کوئی چھین نہیں سکتا۔ صدر نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے لوگ آزادی سے سانس لیں گے۔ صدر نے اس موقع پر فوجی آفیسران کے مختلف سوالوں کے جوابات بھی دئیے۔ قبل ازیں صدر آزاد کشمیر جب کمانڈ اینڈ سٹاف کالج پہنچے تو کمانڈنٹ سٹاف کالج نے ان کا پرتپاک استقبال کیااور صدرآزاد کشمیر کو فوجی دستے نے سلامی دی۔