خبرنامہ کشمیر

پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کو تحریک آزادی کے راستے پر تنہا نہیں چھوڑ سکتا

لاہور۔17 اکتوبر(ملت + اے پی پی )وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری بر جیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کو تحریک آزادی کے راستے پر تنہا نہیں چھوڑ سکتا ،انکی آزادی کیلئے سفارتی و سیاسی کوششیں جاری رکھیں گے، کشمیریوں کی پانچویں نسل نے جد و جہد شروع کر دی ہے اور آج مظلوم کشمیری عوام دنیا کے بڑے منصفوں سے انصاف مانگ رہے ہیں،اقوام عالم نے مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرنے میں اپنا کردار ادا نہ کیا تو پوار جنوبی ایشیائی خطہ آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آجائے گا جسکے نتیجے میں تیسری عالمی جنگ چھڑ نے کا خطرہ ہے،اقوام عالم کو اپنا دہرا رویہ ترک کرکے کشمیریوں کو انصاف دلانے میں کردار ادا کرنا چاہئے ۔ سوموار کولاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کی کشمیر کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برجیس طاہر نے کہا کہ پاکستان کا بھارت کے ساتھ پہلے ایٹم بم نہ چلانے کا کوئی معاہدہ نہیں ہے اس لئے ہم یہ یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ایٹم بم محض نمائش کے لئے نہیں ہے۔ہم ذمہ دارایٹمی طاقت ہیں اور چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر پرامن مذاکرات کے ذریعے حل ہو۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دینے کی 11 مرتبہ متفقہ قرار دایں منظور کر چکی ہے جو آج بھی موثر ہیں تاہم بھارت ہٹ دھری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دے کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہا ہے جبکہ پاکستان نے اسکا احترام کرتے ہوئے اسے متنازعہ علاقہ قرار دیا ہے۔بھارت نے پاکستان کو اول روز سے تسلیم نہیں کیا اور وہ آج بھی پاکستان کو تسلیم نہیں کر تا،انہوں نے کہا کہ پوری قوم مسئلہ کشمیر پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ایک پلیٹ فارم پر کھڑی ہے اور اس پر کبھی بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے،اب تو بھار تی جامعات ‘ میڈیا اور سول سوسائٹی میں مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی آوازیں بلند ہورہی ہیں لہذا بھارت کشمیریوں کا قتل عام بند کرے۔ چوہدری بر جیس طاہر نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کا سی پیک منصوبہ ہضم نہیں ہورہا جبکہ اس نے اپنی خفت مٹانے کیلئے سرجیکل سڑائیک کا ڈرامہ رچایا جو بھارت کے اپنے گلے کی ہڈی بن گیا ہے، سرجیکل سٹرائیک کے بھارتی دعوے وقت نے بے بنیاد ثابت کر دئیے ہیں اور بھارت خود سرجیکل سٹرائیک کے دعووں کی زد میں ہے۔چوہدری بر جیس طاہر نے کہا کہ حکومت اور فوج میں مثالی تعلقات ہیں، رات کو حکومت گرا کے سونے والے دن کی روشنی میں دیکھ سکتے ہیں کہ موجودہ حکومت فوج کے ساتھ ایک پیج پر کھڑی ہے اور دونوں مل کر ملکی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کی کشمیر کمیٹی کی جانب سے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے حکو متی سطح پر بیرون ممالک بھیجے جانے والے وفود میں وکلاء کو شامل کرنے کے مطالبہ پر کہا کہ وہ وزیر اعظم سے درخواست کریں گے کہ بیرون ممالک بھیجے گئے وفود میں وکلاء کو بھی شامل کیا جائے،انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر آئی ہے اسے کسی نے اقتدار پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیا جبکہ اپنی آئینی مدت پوری ہونے تک عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرینگے ،انہوں نے کہا کہ 2018 ء سے قبل 2017 ء میں ہی ملک سے لوڈشیدنگ کا خاتمہ کر دیا جائے گا اور 2018 ء میں ملک میں لوڈشیدنگ نہیں رہے گی ، تمام ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا،تقریب سے صدر لاہور ہائیکورٹ بار رانا ضیاء عبد الرحمن ‘ لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کی کشمیر کمیٹی کے چیئر مین خواجہ محمود احمد‘احسان وائیں‘منظور حسین گیلانی‘بار کے کشمیر کمیٹی کے ممبر سید منظور علی گیلانی ، سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار احمد اویس ، عبد الرشید قریشی سمیت دیگر مقرین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے پر زور دیا اور مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم و و بربر یت کی پر زور مذمت کی۔