خبرنامہ کشمیر

پاکستان میں دہشت گرد کارروائیاں اور بزدلانہ حملے بھارت کروا رہا ہے: فاروق کشمیری

مظفرآباد(ملت + آئی این پی)پاکستان میں دہشت گرد کارروائیاں اور بزدلانہ حملے بھارت کروا رہا ہے‘ بھارت ہی پاکستان میں دہشتگردی کا سرغنہ ہے‘ ہندوؤں نے تقسیم برصغیر سے آج تک پاکستان کے وجود کو تسلیم ہی نہیں کیا اور ہندوستان کا ہر حکمران ہمیشہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرتا چلا آ رہا ہے۔ ہندوستان نے 1947 ؁ء سے کشمیر پر ہی نہیں بلکہ حیدر آباددکن اور جونا گڑھ کی اکثریتی مسلم ریاستوں پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انصار الامہ جموں وکشمیر کے امیر اعلیٰ مولانا محمد فاروق کشمیری نے مختلف وفود اور مہاجرین کشمیر کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہی پاکستان کا ازلی دشمن ہے وہ ایک طرف بارڈر پر فائرنگ کر کے ہمارے مظلوم و بے گناہ شہریوں کو شہید کر رہا ہے اور دوسری طرف سرحد و بلوچستان میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعہ ہمارے اسکول کے بچوں، پولیس و فوجی اہلکاروں اور عام مسلمانوں کو شہید کر رہا ہے۔ پاکستان سے اگر کوئی کبوتر بھی اُڑ کر ہندوستان چلا جائے تو بھارت سرکار اس کو عالمی مسئلہ بنا دیتی ہے مگر ہمارے حکمرانوں کا یہ حال ہے کہ کلبھوشن یادیو جیسا حاضر سروس آفیسر جو بدنام زمانہ RAWکے لئے کام کرتے ہوئے شواہد کے ساتھ پکڑا جاتا ہے اورپاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کا اقرار بھی کرتا ہے اس پر لَب کشائی کرنے سے بھی گھبراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر انسان کو موت آنی ہی آنی ہے۔ مگر غیرت کی موت اور بے غیرتی کی موت میں بہت فرق ہوتا ہے اور حقیقی مسلمان ہمیشہ غیرت کی موت کو ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے اور تمام اہل کشمیر کسی بھی پاکستانی سے بڑھ کر پاکستانی ہیں۔ کشمیری پاکستان کو اپنا بڑا بھائی ، اپنا ہمدرد اور اپنا غمگسار سمجھتے ہیں مگر پاکستانی حکمران کشمیریوں کی وکالت صحیح انداز میں نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے جو داخلی حالات ہیں اور بھارت، امریکہ، ایران اور افغانستان جس طرح سی۔پیک منصوبے کو سبو تاژ کرنے کے لئے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہے ہیں تو ان حالات میں سیاستدانوں کو چاہئیے کہ وہ باہمی اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کریں اور ملک کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کی کوشش کریں۔ اس وقت ہمارا ملک کسی بھی اندرونی خلفشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سپہ سالار جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع ضروری ہے تاکہ آپریشن ضرب عضب تکمیل کو پہنچے اور اس کے ثمرات ملک و قوم کو مل سکیں۔انہوں نے حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا کہ کشمیری مہاجرین کے الاؤنس میں معقول اضافہ کیا جائے تاکہ وہ مطمئن انداز میں تحریک آزادی کشمیر میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔