خبرنامہ کشمیر

پاکستان ٹیلی کمیونیکشن کارپوریشن لمیٹڈ اپنا دائرہ کار آزاد کشمیر تک بڑھائے

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن کارپوریشن لمیٹڈ اپنا دائرہ کار آزاد کشمیر تک بڑھائے اور عصری تقاضوں کے مطابق آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ اور تھری جی ، فور جی سروسز کی فراہمی کے لیے اقدامات کئے جائیں۔ تاکہ ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر کے عوام بھی ان جدید سہولیات سے مستفید ہو سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں پی ٹی سی ایل کے صدر /چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر ڈینئل رٹز اور سی بی ڈی او سکندر نقی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جنہوں نے صدارتی سیکرٹریٹ کیمپ آفس کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی ۔ چیف ایگزیکٹو پی ٹی سی ایل نے بتایا کہ ہم آزاد کشمیر تک کیبل بچھانے اور اپنی سروسز کا دائرہ وسیع کرنے کے حوالے سے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں چند مسائل ہیں جنہیں حل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم حکومت آزاد کشمیر اور صدر ریاست کی رہنمائی میں آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے پی ٹی سی ایل کی طرف سے اپنی خدمات کا دائرہ آزاد کشمیر تک بڑھانے کے منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت آزاد کشمیر اپنے شہریوں کو ابلاغ کی جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے پی ٹی سی ایل حکام سے مکمل تعاون کرے گی ۔