خبرنامہ کشمیر

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے خطے کی اہمیت میں اضافہ ہوا: راجہ فاروق

راولپنڈی (ملت + آئی این پی) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے خطے کی اہمیت میں اضافہ ہوا ، یہ میگا پراجیکٹ گیم چینجر ہے ،اس کی تکمیل سے ملک میں معاشی واقتصادی انقلاب آئے گا ، کشمیری پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ نہیں چاہتے، گانگریس بھارت کا چہرہ اور بی جے پی اس کا دماغ ہے ،مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارت کے اربوں روپے کے پیکج کو جوتے کی نوک پر رکھا،کشمیری تحریک تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، قانون کی عمل داری یقینی بنانے میں پولیس کا کلیدی کردار ہوتا ہے ،ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں مسلح افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ پولیس نے بھی بھرپور کردا ر ادا کیا اور قربانیاں پیش کیں ، آج اس امر کا تعین کیا جانا اشد ضروری ہے عاملین کس حد تک قانون کے پابند ہیں ، آزادکشمیر کے اندر پولیس کا نظام جدید بنیادوں پر تشکیل دینے کے لیے کوشاں ہیں۔ تھانہ کلچر کی تبدیلی ناگزیز ہے ۔تھانوں کا کلچر ایسا ہونا چاہیے کہ خواتین پولیس کو دار الامان اور مظلوم اپنی طاقت کا سرچشمہ سمجھیں۔قانون پر عملدرآمد نہ ہونے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ جن لوگوں نے قانون پر عملدرآمد کرنا ہوتا ہے وہ سیاسی بنیادوں پر بھرتی ہوتے ہیں۔آزادکشمیر میں اپنی مرضی اور سفارش پر نوکریاں دینے پر پابندی عائد کردی ہے اور میرٹ کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ آزادکشمیر میں اصلاحات کا آغاز کردیا ہے ،عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں پبلک سروس کمیشن کے بعد زیر تربیت پولیس آفیسران سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر جب پولیس ٹریننگ کالج سہالہ پہنچے تو پولیس کے چاک وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی معاشرے میں امن کے قیام،گڈگورننس،آئین وقانون کی بالادستی اشد ضروری ہے اور قانون پر عملدرآمد میں پولیس کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے ۔جوابدہی شفافیت اور گڈ گورننس کے بنیادی تصورات کے بغیر معاشرے کی فلاح ممکن نہیں فیصلہ سازی میں تاخیر کسی صورت نہیں ہونی چاہیے کام کریں گے تو غلطیاں بھی ہونگی لیکن نیت ٹھیک اور سمت درست ہوتو چیزیں خود بخود ٹھیک ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔ پولیس کے شعبہ کو مثالی بنانے کے لیے ضروری ہے اثرورسوخ،رشوت اور سفارش سے اس ادارہ کو پاک کیا جائے۔پولیس کا اصل چہرہ انسپکٹر جنرل پولیس کا دفتر نہیں بلکہ پولیس اسٹیشن ہے۔پولیس کا طریقہ کار حاکموں کی طرز والا نہیں ہونا چاہیے ۔پولیس عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے کوئی سمجھوتہ نہ کرے موجودہ دور ٹیکنالوجی کا دور ہے جس کے استعمال سے پولیس کی کارکردگی بہتر بنائی جاسکتی ہے۔ انسپکٹر کی کار گزاری اس تحقیقاتی رپورٹ اور اس سے مجرم کو ہونے والی سز سے جانچی جانی چاہیے۔ وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں بڑھتے ہوئے انتظامی اخراجات کو کم کرکے ترقیاتی اخراجات میں اضافہ کیا گیا ہے اور انتظامی اخراجات کو حقیقی معنوں میں عوام کی فلاح وبہبود کے لیے استعمال کرنے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے ۔بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ،حکومت کے فیصلے واضح اور عام فہم ہونے چاہیں۔مقننہ ایسی قانون سازی کرے جو قابل رسائی ،شفاف اور واضح ہواور جس کے تحت انصاف کی فراہمی بروقت ہو۔ وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹ ملازمین کنٹریکٹ ہوتے ہیں وہ مستقل ملازم نہیں ہوتے۔بظاہر ایسا لگتا ہے کہ ریاست کے سارے وسائل صرف ملازمین کے لیے مختص ہیں ۔ریاست صرف سرکاری ملازمین کی ہی نہیں غریب اور مزدور پیشہ لوگوں کا بھی اس پر حق ہے۔ حکومتی ذمہ داران اور آفیسران سب عوام کے سامنے جواب دہ ہیں۔قوانین کا اطلاق سب پر مساویانہ ہونا چاہیے۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں سیاحت اور پن بجلی کے بے پناہ وسائل دستیاب ہیں اور ان وسائل سے بھرپور استفادے اور ریاستی آمدن میں اضافے کے لیے جامع پالیسی ترتیب دی گئی ہے۔ اس موقع پر مختلف سوالات کے جواب میں وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر متنازعہ علاقہ ہے آزادکشمیر حکومت کا قیام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ہی عمل میں لایا گیا ہے۔ہندوستان کی ہمیشہ سے خواہش رہی ہے کہپاکستان سیاسی ،معاشی اور اقتصادی طور پر کمزور ہو۔ ان مقاصد کے لیے بھارت پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے خطے کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے یہ میگا پراجیکٹ گیم چینجر ہے ۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ملک میں معاشی واقتصادی انقلاب آئے گا ۔پاکستان کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے اہل کشمیر اسے تکلیف میں نہیں دیکھ سکتے۔ پاکستان محفوظ ہے تو ہندوستان کے کروڑوں مسلمان محفوظ ہیں کشمیری پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ نہیں چاہتے۔ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر کو ماحول دوست ریاست بنانا چاہتے ہیں گانگریس بھارت کا چہرہ اور بی جے پی اس کا دماغ ہے ۔مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارت کے اربوں روپے کے پیکج کو جوتے کی نوک پر رکھا۔کشمیری تحریک تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔