خبرنامہ کشمیر

پروفیسر گیلانی ، کنہیا کمار کو فوری رہاکیا جائے،سید علی گیلانی

سرینگر ۔ (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیری اسکالر سید عبدالرحمان گیلانی کی ایک جھوٹے مقدمے میں گرفتاری، بھارت میں کشمیری طلبا ء کوہراساں کرنے اورجواہر لال نہرو یونیورسٹی سٹوڈنٹس یونین کے صدر کنہیا کمارپر عدالت کے احاطے میں حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں خدشہ ظاہر کیاکہ عبدالرحمان گیلانی اور کشمیری طلباء کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اور دلی پولیس آر ایس ایس کی ہدایات پربھارت میں موجود تمام کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن بنارہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عبدالرحمان گیلانی اور دیگر گرفتار شدگان کو فوری طور پر رہا نہیں کیا گیا اور کشمیری طلباء کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو اس کے خلاف زبرست احتجاج کی کال دی جائے گی اور اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔سیدعلی گیلانی نے بھارت میں بڑھتی ہوئی عدمِ برداشت کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اقلیتوں اور نچلی ذات کے لوگوں کے لیے دن بہ دن غیر محفوظ ہوتا جارہا ہے اور ان کی جان ومال اور عزت و آبرو کیلئے مسلسل خطرات بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمزور لوگوں کے لیے ’’کرو یا مرو‘‘ جیسے حالات پیدا کئے جارہے ہیں اور ہندوفسطائی قوتیں ’’ہمارے ساتھ رہو، ورنہ دشمن مانے جاؤگے‘‘ والے فارمولے پر عمل کررہی ہیں۔ حریت چیئرمین نے عبدالرحمان گیلانی پر بغاوت کاالزام لگانے پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت انہیں جیل میں رکھنے کی سازش تیار کررہی ہے۔ اس کے لیے پہلے سے ایک منصوبہ بنایا گیا اور پریس کلب سے جواہر لال نہرو یونیورسٹی تک اس میں وشووپریشد کی اسٹوڈنٹس یونین کا ہاتھ کارفرما رہا ہے۔ حریت چیرمین نے دلی پولیس کی طرف سے کشمیری طلباء کے خلاف شروع کیے گئے کریک ڈاؤن پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دلی پولیس جانبدارکردار ادا کرتے ہوئے ہر کشمیری کو شک کے دائرے میں لارہی ہے اوراس صورتحال سے کشمیری طلباء میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے اور وہ خود کو بھارت میں غیر محفوظ تصور کرتے ہیں۔سید علی گیلانی خبردار کیا کہ یہ سلسلہ جاری رہا تو کشمیری قوم اس پر خاموش نہیں بیٹھے گی اور ہم اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے ۔انہوں نے عبدالرحمان گیلانی کے خلاف دائر جھوٹامقدمہ ختم کرکے انہیں رہا کرنے اور کشمیری طالب علموں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔