خبرنامہ کشمیر

تین نوجوانوں کی شہادت پر پلوامہ میں مکمل ہڑتال

مقبوضہ کشمیر،

تین نوجوانوں کی شہادت پر پلوامہ میں مکمل ہڑتال
سرینگر: (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں تین نوجوانوں کی شہادت پر آج ضلع پلوامہ میں مکمل ہڑتال کی گئی۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ضلع میں تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدو رفت معطل تھی۔ قابض انتظامیہ نے بھارت مخالف مظاہروں کو روکنے کے لیے ضلع میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل کردیں۔ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ رات ضلع پلوامہ کے علاقے اگلر کنڈی میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران تین نوجوانوں کو شہیدکردیا تھا۔ نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میں زبردست احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے ۔ بھارتی پولیس نے دعویٰ کیاہے کہ نوجوان بھارتی فوجیوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارے گئے۔ اس سے پہلے اسی علاقے میں ایک فوجی ہلاک ہوگیا تھا۔

مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اورکشمیر فریڈم فرنٹ کے سربراہ بشیر اندابی نے کہاہے کہ بھارت نے ایک طرف کشمیری عوام پر اپنی قابض فوج مسلط کررکھی ہے اور دوسری طرف مذاکرات کا شوشہ چھوڑکر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بشیر اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت پر زوردیا کہ وہ روایتی ہٹ دھرمی اور تاخیری حربوں کا استعمال ترک کرکے سنجیدگی سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آگے آئے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن و امان کو یقینی بناجاسکے۔